سپیکرکا پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں شجرکاری مہم کا افتتاح
شجر کاری ماحول کے تحفظ، آنیوالی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت :سردارایازصادق
اسلام آباد(نامہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں زیتون کا پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ تقریب میں اراکینِ پارلیمنٹ، قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شجر کاری ماحول کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شجر کاری کو فروغ دینا ہوگا اور درخت موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے اور ماحول کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اراکینِ پارلیمنٹ اور عوام پر زور دیا کہ وہ مون سون شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور حکومت و عوام مل کر ملک کو سرسبز بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ صاف، صحت مند اور خوشحال پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شجر کاری ماحولیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے فروغ کا بھی اہم ذریعہ ہے ، انہوں نے کہا کہ زیتون کا تیل بہترین خوردنی تیل ہے ، جبکہ پاکستان کی آب و ہوا زیتون کی کاشت کے لیے انتہائی موزوں ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments