معیاری پولیس خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے :ڈی آئی جی

 معیاری پولیس خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے :ڈی آئی جی

پولیس خدمت مرکز آنے والوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق نے پولیس خدمت مرکز CASCADE، ڈپلومیٹک انکلیو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد نے پولیس خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر پولیس خدمات کی فراہمی کے طریقہ کار، شہریوں اور ڈپلومیٹک کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سروس ڈلیوری کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔

متعلقہ افسران نے انہیں مرکز میں فراہم کی جانے والی مختلف خدمات اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ڈپلومیٹک کمیونٹی کو بروقت، شفاف، مؤثر اور معیاری پولیس خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پولیس خدمت مرکز آنے والے افراد کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اپنایا جائے ، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور انہیں خدمات کے حصول میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں اور ڈپلومیٹک کمیونٹی کو جدید، آسان اور عوام دوست پولیس خدمات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...