پنجاب یونیورسٹی ، این سی اے کے اشتراک سے نمائش کاانعقاد
فنکار مختلف جہتوں کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے :ڈاکٹر نیاز
لاہور(خبر نگار)ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی سرپرستی میں پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اور نیشنل کالج آف آرٹس کے اشتراک سے پہلی مرتبہ شاندار مشترکہ آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان رعنائیِ خیال و خط ہے ۔ اس نمائش میں دونوں تاریخی اور ممتاز فنونِ لطیفہ کے اداروں سے وابستہ اساتذہ اور ایلومینائی کے تخلیقی فن پاروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر پیش کیا گیا۔نمائش پنجاب یونیورسٹی اور نیشنل کالج آف آرٹس کے درمیان علمی، فنی اور تخلیقی تعاون کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ہے ۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نیاز احمد اختر نے کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ دونوں اداروں کے نمائش گاہوں میں پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اور نیشنل کالج آف آرٹس کے اساتذہ اور ایلومینائی کے تخلیق کردہ 300 سے زائد پینٹنگز، مجسمے اور دیگر فن پارے آویزاں کیے گئے ہیں۔ یہ نمائش اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت کی حامل ہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان کے دو تاریخی ا ور ممتاز فنونِ لطیفہ کے ادارے اس نوعیت کی ایک مشترکہ اور بڑے پیمانے کی سرگرمی کے لیے ایک ساتھ آئے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن نیاز احمد اختر نے کہا کہ فنکار معاشرے کی مختلف جہتوں کو بہترین اور مؤثر انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments