میوہسپتال :اینجیو گرافی مشینیں خراب ، کارڈیالوجی علاج بند
دونوں اینجیوگرافی مشینوں کی فوری مرمت یا متبادل انتظام کیا جائے :لواحقین
لاہور ( ہیلتھ رپورٹر )میو ہسپتال میں دل کے مریضوں کے لیے اہم سہولت معطل ہو گئی۔ ہسپتال میں نصب دونوں اینجیو گرافی مشینیں خراب ہونے کے باعث کارڈیالوجی کا علاج بند کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق شعبہ کارڈیالوجی میں نصب اینجیوگرافی مشین پہلے ہی خراب تھی ،اب سرجیکل ٹاور میں نصب دوسری مشین بھی خراب ہو گئی ،مشینوں کی خرابی کے باعث میو ہسپتال آنے والے دل کے درجنوں مریض روزانہ علاج سے محروم ہو رہے ہیں۔ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو بھی دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔مریضوں اور ان کے لواحقین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں اینجیوگرافی مشینوں کی فوری مرمت یا متبادل انتظام کیا جائے تاکہ غریب مریضوں کا علاج متاثر نہ ہو۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اینجیوگرافی کارڈیک ایمرجنسی کا بنیادی طریقہ کار ہے ۔ مشینوں کی طویل بندش سے نہ صرف مریضوں کی جانوں کو خطرہ ہے بلکہ ہسپتال پر مریضوں کا بوجھ بھی بڑھ رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments