پنجاب :سکول جانے کی عمر کے لاکھوں بچے تعلیم سے محروم
دیہی علاقوں میں سکولوں سے باہر بچوں کی شرح 24فیصد،شہروں میں 14 فیصد
لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب میں سکول جانے کی عمر کے لاکھوں بچے آج بھی تعلیم سے محروم ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کی رپورٹ نے صوبے میں سکولوں سے باہر بچوں کی صورتحال کا تشویشناک نقشہ پیش کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سکولوں سے باہر بچوں کی شرح 24 فیصد ہے ، لیکن جنوبی پنجاب کے کئی اضلاع میں یہ شرح 40 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے ۔ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع راجن پور ہے ، جہاں تقریباً ہر دوسرا بچہ سکول سے باہر ہے۔
راجن پور میں سکولوں سے باہر بچوں کی شرح 48 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ، جو پنجاب کے صوبائی اوسط سے دوگنا ہے ۔ڈیرہ غازی خان میں 46فیصد، مظفرگڑھ میں 45 فیصد جبکہ رحیم یار خان میں 43فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی صورتحال تشویشناک ہے ۔ لودھراں میں سکولوں سے باہر بچوں کی شرح 40 فیصد، بہاولنگر میں 38 فیصد جبکہ بہاولپور میں 37 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں سکولوں سے باہر بچوں کی صوبائی اوسط شرح 24 فیصد ہے ، تاہم لڑکیوں اور لڑکوں کے اعداد و شمار میں بھی فرق موجود ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments