کینٹ:سیوریج،واٹر سپلائی نظام زبوں حالی کا شکار
مختلف علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کے متعلق شکایات میں اضافہ ،فنڈز نہ ہونے سے منصوبوں پرپیش رفت نہ ہوئی فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث ورک آرڈر جاری نہ ہوئے، ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز جاری کرنے کی استدعا کردی :نتظامیہ
لاہور( سٹاف رپورٹر سے )والٹن کنٹونمنٹ اور لاہور کنٹونمنٹ کے سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم کی زبوں حالی کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔کیولری گراؤنڈ، نواز شریف کالونی، والٹن روڈ اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی سے متعلق شکایات میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔مسئلے کے مستقل حل کے لیے پنجاب حکومت نے دونوں کنٹونمنٹ بورڈز میں نیا واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم بچھانے کا منصوبہ بنایا۔واسا کی جانب سے منصوبے کی سمری منظور ہونے کے بعد ٹینڈرز بھی جاری کردیئے گئے اور بولیاں وصول کرلی گئیں، تاہم حکومت کی جانب سے فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث واسا انتظامیہ ورک آرڈر جاری نہ کرسکی۔مالی سال دو ہزار چھبیس ستائیس کے ترقیاتی پروگرام میں والٹن کنٹونمنٹ اور لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے منصوبے شامل کیے گئے تھے ، جن کے لیے مجموعی طور پر آٹھ ارب چوراسی کروڑ اڑتالیس لاکھ پچاس ہزار روپے مختص کیے گئے ۔ والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی دس وارڈز میں نئے واٹر سپلائی اور سیوریج نیٹ ورک کی تنصیب کا تخمینہ تین ارب اکسٹھ کروڑ روپے لگایا گیا تھا۔لیکن مالی سال کی پیش رفت کے باوجود مطلوبہ رقم جاری نہ ہونے سے منصوبہ عملی مرحلے میں داخل نہیں ہوسکا۔واسا انتظامیہ نے رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبے کے لیے فنڈز جاری کرنے کی استدعا کردی ہے تاکہ ٹینڈرز کے بعد ورک آرڈر جاری کرکے تعمیراتی سرگرمی شروع کی جاسکے ۔فی الحال منصوبہ کاغذی کارروائی سے آگے نہیں بڑھ سکا، جبکہ والٹن اور لاہور کنٹونمنٹ کے رہائشی بہتر پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نئے نظام کے منتظر ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments