29 دسمبر کوشوکت خانم ہسپتال کراچی کا افتتاح : ڈاکٹر عاصم
کینسر کے مستحق مریضوں کے مفت علاج پر ابتک 137ارب خرچ کیے جاچکے
لاہور (سٹاف رپورٹر)شوکت خانم ہسپتالوں کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عاصم یوسف نے شوکت خانم ہسپتال کراچی کی سائٹ پر میڈیا کو بریفنگ دیتے کہا کہ ہسپتال کا افتتاح 29 دسمبر 2028 کو ہوگا۔30 ارب روپے سے تعمیرہونیوالا شوکت خانم ہسپتال کراچی لاہور کے ہسپتال سے دو گنا بڑا ہو گا۔ پاکستان میں ہر سال کینسر کے تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار نئے کیسز سامنے آتے ہیں اورایک لاکھ 19 ہزار افراد اس مرض سے زندگی ہار جاتے ہیں۔ شوکت خانم میں مریضوں کا علاج لسانی وسماجی حیثیت سے قطع نظر کیا جاتا ہے۔ مالی معاونت کی اہلیت کا تعین انٹرویو سے کیا جاتا ہے اور 75 فیصد سے زائد مریضوں کا مکمل مفت علاج کیا جاتا ہے۔
1994 سے ابتک کینسر کے مستحق مریضوں کے مفت علاج پر 137 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔ کراچی میں ہسپتال کی ضرورت پر انہوں نے کہا شہر میں ہر سال کینسر کے 13ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آتے ہیں جنہیں علاج کیلئے مختلف مراکز سے رجوع کرنا پڑتا ہے اوراخراجات انکی استطاعت سے باہر ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا ہسپتال میں تعمیر کے آخری مراحل اور فنشنگ کا کام جاری ہے ۔ شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے مشن کو جاری رکھنے کیلئے 2026 کا درکار بجٹ 43 ارب 20 کروڑ ہے ۔ میڈیا سے اپیل ہے کہ وہ اس پیغام کو عوام تک پہنچائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments