متعدد ایکسائز ملازمین کوسزائیں،جونیئر کمپیوٹر آپریٹر برطرف
گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے جعلی اور ترمیم شدہ دستاویزات استعمال کی گئیں
لاہور(خبر نگار) سیکرٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب محمد مسعود مختار نے پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت انکوائری رپورٹ اور متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد متعدد ملازمین کو مختلف سزائیں سنا دیں، جبکہ ایک جونیئر کمپیوٹر آپریٹر کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔محکمانہ انکوائری میں انکشاف ہوا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے جعلی اور ترمیم شدہ دستاویزات استعمال کی گئیں، انکوائری میں ریٹائرڈ ایم آر اے ، ای ٹی او ناظم اسد کو متعدد منظوریوں کے ذریعے سرکاری ٹیکسوں کی عدم وصولی کے معاملے میں ملوث قرار دیا گیا۔ انہیں پنشن سے 10 فیصد کٹوتی کی سزا سنائی گئی۔ انسپکٹر محمد فاروق کو دو سال کی سروس ضبطی کی سزا دی گئی، جبکہ انسپکٹر قرۃ العین منور کی دو سال کی سروس ضبط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فہد حسین کو بھی دو سال کی سروس ضبطی کی سزا سنائی گئی۔محکمانہ کارروائی کے نتیجے میں جونیئر کمپیوٹر آپریٹر ادریس کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا، جبکہ ضمیر الحسن کو ریکوری کے بعد سرزنش کی سزا سنائی گئی۔ انکوائری میں ڈپٹی ڈائریکٹر اور سابق ای ٹی او محمد اسلم کو ریکوری کی بنیاد پر بری کر دیا گیا، جبکہ سابق ای ٹی او محمد اعجاز اسلم کو بھی متعلقہ منظوریوں کے خلاف ریکوری کرنے پر بری قرار دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments