سالانہ گالف ٹورنامنٹ ،مستحق افراد کے مفت علاج کیلئے فنڈز جمع
گالفرزاور مہمانوں کا انڈس ہسپتال سے مفت علاج کیلئے تعاون جاری رکھنے کا عزم
لاہور(ہیلتھ رپورٹر)انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیراہتمام 12 واں سالانہ گالف ٹورنامنٹ رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب لاہور میں منعقد ہوا، جس میں 100 سے زائد گالفرز، ممتاز کاروباری شخصیات، سماجی رہنماؤں اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد سموگ اور ای این ٹی (کان، ناک اور گلے ) کی بیماریوں کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا اور مستحق مریضوں کے مفت علاج کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا۔تقریب میں صدر و سی ای او انڈس ہسپتال ڈاکٹر عبدالباری خان، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا کہ انڈس ہسپتال کا مشن بلاامتیاز مستحق افراد کو معیاری اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ ایسے فلاحی ایونٹس نہ صرف صحت کے اہم مسائل پر آگاہی پیدا کرتے ہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کے لیے اجتماعی تعاون کو بھی فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سموگ اور فضائی آلودگی کے باعث سانس اور کان، ناک، گلے سے متعلق بیماریوں میں اضافہ ایک اہم عوامی صحت کا مسئلہ ہے ، جس کے تدارک کے لیے آگاہی اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے ۔ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عتیق الرحمان اور عابد نے 55 سکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
امتیاز اور محسود 59 سکور کے ساتھ فرسٹ رنر اَپ، محسن صدیقی اور بابر ہاشمی 60 سکور کے ساتھ سیکنڈ رنر اَپ جبکہ شہزاد اعظم اور ثاقبہ بتول 62 سکور کے ساتھ تھرڈ رنر اَپ قرار پائے۔ٹورنامنٹ میں شریک گالفرز اور معزز مہمانوں نے انڈس ہسپتال کی مفت علاج کی خدمات اور فلاحی مشن کو سراہتے ہوئے صحت کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک ملک بھر میں لاکھوں مستحق مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔ ادارے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبے میں عوام کا تعاون اور مخیر حضرات کی معاونت اس مشن کو مزید آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments