سموگ : بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 3 ہزار مریض رپورٹ
فضا میں زہریلے ذرات بڑھنے سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا سموگ اور فلو کی علامات ہونے کے باعث خود تشخیص سے گریز کیا جائے :ماہرین
لاہور (ہیلتھ رپورٹر)لاہور میں سموگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ، شہریوں کی صحت متاثر ہونے لگی ہے ۔ سموگ کے ساتھ کورونا، انفلوئنزا اور فلو وائرس کی گردش بھی جاری ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 3 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ لاہور ایک بار پھر سموگ کی لپیٹ میں ہے ۔ فضا میں زہریلے ذرات بڑھنے سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ سموگ کے باوجود شہریوں کی جانب سے ماسک کا استعمال یقینی نہیں بنایا جا رہا۔شہریوں میں فلو اور چیسٹ انفیکشن جیسی علامات ظاہر ہونے لگی ہیں۔ بخار، کھانسی، نزلہ، گلے میں درد اور جسم میں درد کی شکایات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 3 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ۔ میو ہسپتال میں 9 سو سے زائد، جناح ہسپتال میں 7 سو سے زائد جبکہ سروسز ہسپتال میں 5 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ۔ لاہور جنرل، گنگا رام اور چلڈرن ہسپتال میں بھی سیکڑوں مریض لائے گئے ۔طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سموگ اور فلو کی علامات ایک جیسی ہونے کے باعث خود تشخیص سے گریز کیا جائے ۔ سموگ خود کورونا یا انفلوئنزا وائرس نہیں، تاہم فضائی آلودگی سانس کے انفیکشنز کے خطرات اور علامات کی شدت بڑھا سکتی ہے ۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سموگ کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments