گیندے کے پھول پوری آب و تاب کیساتھ کھل اٹھے
پی ایچ اے کی لاہور میں موسم سرما کے سجاوٹی پھول کاشت کرنیکی بڑی مہم شروع
لاہور (آن لائن)پنجاب بھر کے باغات اور گرین بیلٹس میں گیندے کے دلکش پھول پوری آب و تاب کیساتھ کھل اٹھے جنہوں نے عوامی مقامات کو دل موہ لینے والے رنگوں سے سجا دیا ہے ۔ ڈی جی پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی راجہ منصور نے بتایا کہ صوبے بھر میں موسم سرما کی پھولوں کی شجرکاری مہم جاری ہے ۔ پی ایچ اے نے لاہور میں موسم سرما کے سجاوٹی پھولوں کی کاشت کی سب سے بڑی مہم شروع کی ہے جسکے تحت شہر بھر میں پھولوں کی 13 ہزار 853 کی کیاریاں تیار کی گئی ہیں۔ گزشتہ برس یہ تعداد 9 ہزار 505 تھی۔ اس طرح پھولوں کی کیاریوں کی تعداد میں تقریباً 46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ضلعی ایجنسیوں نے بھی موسم سرما کے پھولوں کی بڑے پیمانے پر شجرکاری کی ہے۔
بہاولپور 4 لاکھ 17 ہزار پودوں کیساتھ سرفہرست ہے جبکہ راولپنڈی میں 3 لاکھ 95 ہزار، گوجرانوالہ میں 2 لاکھ 90 ہزار، ساہیوال میں 2 لاکھ 15 ہزار ، گجرات میں 2 لاکھ ،ڈیرہ غازی خان میں ایک لاکھ 60 ہزار، فیصل آباد میں ایک لاکھ سے زائد، سیالکوٹ میں 35 ہزار، ننکانہ صاحب میں 20 ہزار، مری میں 13 ہزار 943، خوشاب میں 6 ہزار 950 اور ملتان میں 6 ہزار پھولدار پودے لگائے گئے ہیں۔ پھولوں کی کاشت میں گیندے کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ جبکہ گُلِ اشرفی، ڈاہلیا، پیٹونیا، پینزی، سنیپ ڈریگن، فلوکس، سالویا، لانتانا، زنیا اور گُلِ داؤدی بھی موسم سرما کے پھولوں میں شامل ہیں۔ مری میں پھولوں کی کیاریوں کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے جونیپر، مورپنکھی اور آئرسین کے پودے بھی لگائے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments