پی پی پنجاب میں جلد اپنا مقام حاصل کریگی :سعدیہ جاوید
پیپلز پارٹی 10لاکھ گھر عوام کو قرضوں پر نہیں مفت فراہم کر رہی :میڈیا سے گفتگو
لاہور (آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما وسندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ مریم نواز پر ان کے اپنے اتحادی وزیر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پریس کلب ارشد انصاری ،سیکرٹری افضال طالب اور گورننگ باڈی ارکان نے سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید کاپریس کلب آمد پر بھرپور استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔سعدیہ جاوید نے اس موقع پر مزید کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بحث جاری ہے، تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی باضابطہ پیپر ورک سامنے نہیں آیا، پیپلز پارٹی پنجاب میں بھی جلد اپنا مقام حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دس لاکھ گھر عوام کو قرضوں پر نہیں بلکہ مفت فراہم کر رہی ہے ، کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے کے فور منصوبہ وفاقی حکومت نے بنانا تھا، تاہم یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہے ۔ سندھ میں پیپلز پارٹی یوتھ کارڈ بھی متعارف کروا رہی ہے ۔رہنما پیپلزپارٹی اور ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کرپشن پورے ملک کا مسئلہ ہے ، ہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر کرپشن کا الزام نہیں لگا رہے بلکہ انکے اپنے اتحادی وزیر ان پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ملک میں توانائی کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جائے گی، پاکستان کی معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments