صوبے میں مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جا رہا : محکمہ اوقاف
مزارات کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دینا محکمہ کی اولین ترجیح :احسان بھٹہ
لاہور(سیاسی نمائندہ)چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ صوبے میں مذہبی سیاحت کے فروغ، اولیائے کرام کے مزارات کی تاریخی و روحانی اہمیت کو اجاگر کرنے اور انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دینے کے لیے محکمہ اوقاف جامع اقدامات کر رہا ہے ۔ پنجاب حکومت کی ہدایت پر مزارات پر آنے والے زائرین، عقیدت مندوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ پنجاب کے عظیم مذہبی، تاریخی اور صوفیانہ ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کروایا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ اور حضرت بی بی پاکدامنؒ کے مزارات کے دورے کے موقع پر افسروں کو ہدایات کرتے کیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے دونوں مقدس مزارات پر حاضری فاتحہ خوانی کی اور ملکی سلامتی، ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔ بعد ازاں انہوں نے دونوں مزارات کے مختلف حصوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ، سکیورٹی انتظامات، تزئین و آرائش، دیکھ بھال اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ مزارات پر حاضری دینے والے زائرین کے لیے سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments