آئندہ ماہ مزید 13 ٹرینیں آؤٹ سورس کرینگے : حنیف عباسی

 آئندہ ماہ مزید 13 ٹرینیں آؤٹ سورس کرینگے : حنیف عباسی

فیصل آباد لاہور ریلوے سیکشن مؤثر حکمت عملی سے 45روز میں بحال کر دیا چوری شدہ سامان واپس کرنیوالے عام معافی سے فائدہ اٹھا سکتے :وزیر ریلوے

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ قومی مفادات ہر صورت سیاسی اور ذاتی مفادات پر مقدم ہونے چاہئیں ، ملکی استحکام و سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے ،سیلاب متاثرہ فیصل آباد لاہور ریلوے سیکشن کو ریلوے ملازمین کی محنت، لگن اور مؤثر انتظامی حکمت عملی کے باعث صرف 45 روز میں بحال کر دیا گیا ، 31 دسمبر تک مزید 13 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فیصل آباد،لاہور ریلوے سیکشن کی بحالی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب متاثرہ اس ٹریک کو ریلوے ٹیموں نے 45 روز میں مکمل کر لیا جس سے شالیمار ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، بدر ایکسپریس، غوری ایکسپریس اور راوی ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں کی آمدورفت بحال ہوگی ، گڈز ٹرین 503 بھی دوبارہ چل سکے گی ۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے اسوقت روزانہ اوسطاً 9 ٹرینیں چلا رہا ہے ، تعداد بڑھا کر 10 سے 20 جنوری کے درمیان 14 ٹرینیں چلانے کا ہدف مقرر کیا ہے ، ورکشاپس میں حفاظتی بریکٹس اور ضروری پرزہ جات کی تیاری بھی شروع کر دی،اہم ریلوے کوریڈورز کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر کام جاری ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے حفاظتی اقدامات کیلئے آئندہ ہفتے تین ارب فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

رواں مالی سال میں پانچ ارب اور آئندہ مالی سال مزید پانچ ارب فراہم کیے جائیں تو ریلوے کراسنگز پر حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے ،پنجاب حکومت نے آٹھ برانچ ریلوے روٹس کی اپ گریڈیشن کیلئے پانچ ارب فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ کہ ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل کرنے کی 31 دسمبر ڈیڈ لائن ہے ، اس نظام کے تحت ٹرینوں کی نقل و حرکت، مقام اور حادثات بارے فوری معلومات حاصل کی جا سکیں گی، آؤٹ سورسنگ کا مطلب ٹرینوں کی ملکیت یا کنٹرول نجی شعبے کو منتقل کرنا نہیں ہے ۔ حنیف عباسی نے اعلان کیا کہ پاکستان ریلوے کے تقریباً 60 ہزار ملازمین اور ریلوے پولیس کے ساڑھے تین ہزار اہلکاروں کے ہیپاٹائٹس ٹیسٹ کروائے جائیں گے ،چوری شدہ ریلوے سامان رکھنے والے افراد اسے اسٹیشنوں یا ورکشاپس میں واپس جمع کرا کے اعلان کردہ عام معافی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...