کارڈیک، کینسر، سپیشلٹیز کے ہسپتال بنائے جارہے : وزیر صحت

 کارڈیک، کینسر، سپیشلٹیز کے ہسپتال بنائے جارہے : وزیر صحت

لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر کا کا او پی ڈی کھول دیاگیا پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر کی تقرری سلیکشن کمیٹی کے انتخاب ، کابینہ کی منظوری سے کی گئی

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شعبہ صحت میں بہتری اولین ترجیح ہے ۔ صوبہ بھر میں کارڈیک، کینسر، چلڈرن و مختلف سپیشلٹیز کے نئے ہسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے ۔انہوں نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ میں ڈین کی تقرری بارے بیان میں کہا کہ لاہور میں 75 ارب روپے سے سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے، جسکا او پی ڈی عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے ۔ یہ کینسر ہسپتال لاہور یا پنجاب کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ہسپتال ہے۔

اس کینسر ہسپتال کو پی کے ایل آئی کی طرح جے سی آئی سٹینڈرڈ کے مطابق چلائیں گے ۔انکا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق اس کینسر ہسپتال میں اس ڈین کا چناؤ عمل میں لایا گیا ہے جو دنیا کی سب سے بہترین ایم ڈی اینڈرسن یونیورسٹی کے سینئر پروفیسر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ حکومت اس کینسر ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو عالمی معیار کے علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرے گی۔صوبائی وزیر نے وضاحت کی کہ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد ماہر امراض سرطان پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر کی نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر میں تقرری سلیکشن کمیٹی کے انتخاب اور صوبائی کابینہ کی منظوری سے عمل میں لائی گئی ہے۔

انہیں ٹیکس کی کٹنگ کے بعد تنخواہ دی جائیگی، اس لیے اس حوالے سے چلنے والے بیانات بے بنیاد ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر بشیر اس سے قبل امریکہ کے معروف ترین ادارے یونیورسٹی آف ٹیکساس، ایم ڈی اینڈرسن کینسر سینٹر، ہیوسٹن میں شعبہ سٹیم سیل ٹرانسپلانٹیشن اینڈ سیلولر تھراپی میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انکی تحقیقی خدمات بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہیں، انکے کریڈٹ پر 165 اصل تحقیقی مقالے شائع ہو چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...