امن و امان اور مسلکی ہم آہنگی حکومت کی اولین ترجیح ،ڈپٹی کمشنر
تمام مسالک نے مل کر بیرونی طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہے ، عامر خٹک
ملتان(کورٹ رپورٹر)چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر انتظامات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک سے ان کے آفس میں ایک وفد نے ملاقات کی جس میں علی رضا گردیزی،پروفیسرمظہر گیلانی، شفقت حسنین اصغر نقوی،مزین عباس چاون، اقتدار حسین نقوی شامل تھے ۔ایس ایس پی آپریشن آصف اعوان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی طاقتیں ملک میں فرقہ واریت کے ذریعے بدامنی پھیلانا چاہتی ہیں۔تمام مسالک نے مل کر بیرونی طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہے ،عامر خٹک نے کہا کہ امن و امان اور مسلکی ہم آہنگی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔تمام مسالک کے علما اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران امن کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ہمیں مساجد اور مجالس میں ایسی گفتگو سے اجتناب کرناہوگا جس سے کسی دوسرے کی دل آزاری ہو۔ہمیں اپنے عمل اور قول سے مسالک کے مابین پیدا ہونیوالی خلیج کو ختم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں قیام امن کے لئے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہو گی۔ایس ایس پی آپریشن آصف اعوان نے کہا کہ حکومت امن و امان کے قیام کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گی۔ عزاداری کے روایتی جلوسوں کے علاوہ دیگر اقدامات سے گریز کیا جائے ۔ سید علی رضا گردیزی نے کہا کہ حکومت کی ہر پالیسی کو فالو کیا جائے گا۔ہم \\\"سب سے پہلے پاکستان\\\" کے سلوگن کے حامی ہیں۔