ملاوٹ,ناقص صفائی,مضر صحت اشیا,جنوبی پنجاب میں12فوڈ یونٹس سیل
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 816کی چیکنگ کی، 676مالکان کو بہتری کے لئے نوٹسز جاری ، ناقص اور غیر معیاری اشیا برآمد ، کئی دکانوں کو بھاری جرمانے کر دیئے گئے
ملتان( نیوز رپورٹر) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جنوبی پنجاب میں ملاوٹ، ناقص صفائی، مضر صحت اشیا کی فروخت پر 12 فوڈ یونٹس سیل کر دئیے ۔ ناقص اور غیر معیاری اشیا برآمد کر لی گئیں ۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 816 فوڈ یونٹس کی چیکنگ کے دوران غیر معیاری اور ملاوٹی خوراک کی فروخت پر 12 فوڈ یونٹس سیل جبکہ شاپس 676 شاپس مالکان کو بہتری کیلئے نوٹسز جاری کیے ۔ ملتان میں رحمان کریانہ سٹور کو سرخ مرچوں میں رنگ کی ملاوٹ کرنے ، چمن ریواڑی سویٹس کو مٹھائی میں رنگ کاٹ اور ٹاٹری کا استعمال کرنے ، بابر پان شاپ کو گٹکا فروخت کرنے ، نذیر جنرل پینٹ اینڈ گرام روسٹنگ یونٹ کو خوراک کی تیاری میں کھلے رنگ کااستعمال کرنے ، شہباز جنرل سٹور کو زائد المیعادمشروبات فروخت کرنے اور باسی گوشت فروخت کرنے پر نیوواحد چکن شاپ کو سیل کردیا گیا۔ اسی طرح اوکاڑہ میں غلام مصطفی کھویا پروڈکشن یونٹ،پاکپتن میں اپنا کریانہ سٹور ،لیہ کے علاقے چوک اعظم میں نیو المکہ ملک کولیکشن سنٹر،ڈی جی خان میں ملک سپر سٹور، راجن پور میں محسن کریانہ سٹور اور بہاولنگر میں کلوکا کریانہ سٹور کوسیل کردیاگیا ۔علاوہ ازیں صفائی کا معیار بہتر نہ ہونے پرملتان میں علی برادرز کریانہ سٹور کو 15 ہزار جبکہ وہاڑی میں صدیق کریانہ سٹور، ساہیوال میں ملک تکہ ہاؤس، ڈی جی خان میں الیوسف کریانہ سٹورکو 10،10ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے ۔ اسی طرح بہاولپور میں اسمار فوڈز مربہ اچار یونٹ کو کوالٹی بہتر نہ ہونے پر 25ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔