ڈسٹرکٹ ویکسین مینجمنٹ کمیٹیوں کو متحرک کرنیکا فیصلہ
اقدام ویکسی نیشن مہم میں سست روی کے پیش نظر کیا گیا،پنجاب حکومت کا مراسلہ موصول ،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے سی ای او ہیلتھ سے رپورٹ طلب کر لی
ملتان(نیوز رپورٹر) حکومت پنجاب نے کورونا ویکسی نیشن مہم تیز کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ڈسٹرکٹ ویکسین مینجمنٹ کمیٹیوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔یہ اقدام ویکسی نیشن مہم میں سست روی کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے ،پہلے مرحلے میں سرکاری اور نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کے فرنٹ لائن ڈاکٹرز اور ورکرز کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے ،دوسری طرف ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے حکومت پنجاب کا مراسلہ موصول ہونے کے بعد سی ای او ہیلتھ سے ویکسی نیشن بارے رپورٹ طلب کر لی ہے ،یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ویکسین مینجمنٹ کمیٹی میں سی ای او ہیلتھ اور ڈی ایچ او شامل ہیں۔