نیو ملتان سٹی ریلوے سٹیشن کی عمارت 14 سال میں تباہ،دروازے اور کھڑکیاں چوری

نیو  ملتان  سٹی  ریلوے  سٹیشن  کی   عمارت  14 سال  میں  تباہ،دروازے    اور  کھڑکیاں  چوری

ملتان(شفقت بھٹہ)سیاسی فیصلہ کے باعث 14 سال قبل 10 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی نیو ملتان سٹی ریلوے سٹیشن کی عمارت بھوت بنگلہ بن گئی، تعمیر کے بعد حکومت تبدیل ہوتے ہی پاکستان ریلویز نے سٹیشن کو تالے لگا دئیے تھے۔

عمارت کے دروازے اور کھڑکیاں چوری ہو گئیں، تعینات کئے جانے والے 28 ریلوے ملازمین دوسرے سٹیشنوں پر تعینات کر دئیے گئے ۔ سٹیشن پر ملازمین کی عدم موجودگی سے سامان چوری ہو چکا ، شیشے ٹوٹ چکے اور بجلی کا کنکشن بھی منقطع ہے ۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے دور حکومت میں جنرل بس سٹینڈ ملتان کے قریب نیاریلوے سٹیشن بنوایا گیا تھا ، جسے نیو ملتان سٹی ریلوے سٹیشن کا نام دیا گیا مگر جیسے ہی پیپلز پارٹی کی حکومت بدلی حکومتی پالیسیاں بھی بدل گئیں، ریلوے سٹیشن سے ٹرینوں کے سٹاپ ختم کرکے یہاں بکنگ آفس بھی ختم کردیا گیا، جس کے باعث کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والا یہ ریلوے سٹیشن تباہ حال ہو کر بند ہو چکا ہے ۔ بکنگ آفس کا سامان غائب ہے ، اسی طرح مسافروں کے بیٹھنے کے لئے لگائے گئے بینچ اور کرسیاں غائب ہوچکی ہیں۔ شہریوں نے نیو ملتان ریلوے سٹیشن کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیشن کے قیمتی سامان کی چوری معمول بن چکی ہے ۔محکمہ ریلوے کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ نیو ملتان ریلوے سٹیشن کی تعمیر سیاسی فیصلہ تھا، اس سٹیشن کو بحال کرنے سے محکمہ کے خسارے میں اضافہ ہوتا ہے ۔ ان کے مطابق ملتان کینٹ ریلوے اسٹیشن اور نیو ملتان ریلوے اسٹیشن کا فاصلہ زیادہ نہیں ہے جبکہ نیو ملتان اسٹیشن سے خاطر خواہ آمدنی کا بھی کوئی امکان نہیں جس کی وجہ سے سٹیشن کی بحالی سے ریلوے کے خسارے میں مزید اضافہ ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں