حکومت کسانوں کو دیوار سے نہ لگائے ، رانا ظفر طاہر

حکومت کسانوں کو دیوار سے نہ لگائے ، رانا ظفر طاہر

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)رانا محمد ظفر طاہر مرکزی سیکرٹری جنرل آل پاکستان کسان اتحاد نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کو دیوار کے ساتھ لگانے سے گریز کرے ۔ زراعت کش پالیسیوں نے ملک کو معاشی بحران سے دوچار کیا ہے ۔

جبکہ صوبائی کوآرڈی نیٹر آل پاکستان کسان اتحاد پنجاب رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ نے کاشتکاروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کو گندم کی قیمت دینے کو تیار نہیں ہے مگر نگہبان رمضان راشن پیکیج کے نام پر بیوروکریسی کو کروڑوں روپے کمانے کا موقع فراہم کیا ۔ ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنرز نے کروڑوں روپے کمائے ۔ اس کا فرانزک آڈٹ کروایا جائے تو سارا کچہ چٹھہ سامنے آ جائے گا ۔ اسی طرح گندم کی فصل تیار ہونے کے باوجود اربوں ڈالر زرمبادلہ گندم امپورٹ کرنے پر اڑا دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو خوشحال رکھنے کی بجائے انہیں ذلیل کرنے کے درپے ہے ۔ کسان بار دانہ کے لیے درخواستیں لئے کبھی ڈی سی ، کبھی اے سی اور کبھی محکمہ فوڈ کے دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں مگر کہیں شنوائی نہیں ہے ۔ افسر چھپ گئے ہیں ۔ جبکہ وزیر زراعت پنجاب کسانوں کو لولی پاپ دینے میں لگے ہوئے ہیں ۔ اس وقت پنجاب کا کسان پریشان حال ہے ۔ جو انتہائی افسوس ناک بات ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں