عید،فول پروف سکیورٹی،2200اہلکار تعینات

عید،فول پروف سکیورٹی،2200اہلکار تعینات

ملتان (کرائم رپورٹر)سی پی او ملتان صادق علی کی ہدایت پر ملتان پولیس کی جانب سے عید الاضحیٰ کے حوالے سے سکیورٹی پلان جاری کردیا گیا۔ ضلع بھر میں 894 مقامات پر عید کی نماز ادا کی جائے گی جن میں سے 117 مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔

اس موقع پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ملتان پولیس کے 2200 سے زائد پولیس افسران و جوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ۔ اس کے علاہ ڈولفن فورس، محافظ سکواڈ اور ایلیٹ فورس کے چاک و چوبند دستے شہر بھر میں گشت کریں گے ۔ جبکہ 5 ریزروز پولیس لائنز میں الرٹ رہیں گی۔ سی پی او ملتان صادق علی تمام تر سکیورٹی انتظامات کو خود مانیٹر کریں گے ۔ جبکہ ایس ایس پی آپریشنز ملتان ارسلان زاہد اوور آل نگران ہوں گے ۔ تفریحی مقامات پر کسی بھی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تعینات ہوں گی اور امن وامان کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا۔ اس موقع پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کے 400 سے زائد اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے ، سی ٹی او ملتان جلیل عمران خان انتظامات کی نگرانی کریں گے ۔ ون ویلنگ، ہلڑبازی کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی اور قانون کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ سی پی او ملتان صادق علی نے کہا ہے کہ تمام ڈویژنل ایس پیز اپنے علاقوں میں مساجد اور امام بارگاہوں میں عید الاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کے دوران نمازیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ذمہ دارہوں گے ۔ عید کی نماز کے دوران ڈولفن فورس، محافظ اسکواڈ، ایلیٹ فورس اور تھانہ کی گاڑیاں اپنے اپنے علاقہ میں گشت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سخت سکیورٹی اقدامات کا مقصد نمازیوں اور مذہبی مقامات کی حفاظت کو یقینی بنانا، دہشت گرد کارروائیوں کے خلاف سکیورٹی کو مزید موثر بنانا اور امن و امان کی بحالی کو یقینی بنانا ہے ۔ اس کے علاوہ سی پی او ملتان صادق علی نے تمام پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی گورنمنٹ سے غیر منظور شدہ تنظیموں یا دھونس یا دھمکی کے ذریعے کھالیں اکھٹی کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے عطیات یا قربانی کی کھالیں صرف ضلعی انتظامیہ سے منظور شدہ تنظیموں کو ملیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں