30ہزار ڈرائیونگ لائسنس زیر التوا،بھاری چالان،شہری اذیت کا شکار

30ہزار ڈرائیونگ لائسنس زیر التوا،بھاری چالان،شہری اذیت کا شکار

ملتان (کرائم رپورٹر)بھاری فیسیں ادا کرنے کے باوجود ڈرائیونگ لائسنس سے محروم شہریوں کی تعداد تیس ہزار سے تجاوز کرگئی۔

 چار ماہ گزر جانے کے باوجود ٹریفک پولیس حکام متاثرین کی دادرسی نہ کرسکے ۔متاثرین کا آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔تفصیل کے مطابق آئی جی پنجاب کے احکامات پر شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لئے ضلعی و ٹریفک پولیس نے شہریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے طالب علموں کو یونیفارم فارم سمیت حوالات میں بند کیا جاتا رہا شہریوں کی خون پسینہ کی کمائی سے بھاری فیسیں لائسنسوں کے لئے بھروائی گئیں مگر صورتحال یہ ہے کہ ملتان شہر میں پانچ ماہ سے ایک بھی ٹریفک لائسنس شہری کو ڈلیور نہ کیا جاسکا ہے جسکی وجہ لاہور میں ملتان کے کارڈز کی پرنٹنگ نہ ہونا بتائی جارہی ہے پانچ ماہ کے دوران صرف ملتان میں زیرالتوا کارڈز کی تعداد تیس ہزار بتائی جارہی ہے شہریوں سے کروڑوں روپے فیسز کی مد میں وصول کئے گئے مگر ان کو تاحال لائسنس ڈلیور نہ کئے جاسکے ہیں جس پر شہریوں نے آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری جانب شہریوں نے وارڈنز کے رویہ کی شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا عوام سے سلوک انتہائی نا مناسب ہے بغیر کسی وجہ کے چالان کرنا شہریوں کو اذیت کا شکار کرنا ان کا معمول ہے، بھاری بجلی بل ادا کریں یا چالان کی رقم ادا کریں۔ شہریوں نے حکام سے نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں