ڈپٹی کمشنرز سیالکوٹ اور گجرات کا مرالہ ہیڈ ورکس کا دورہ

ڈپٹی کمشنرز سیالکوٹ اور گجرات کا مرالہ ہیڈ ورکس کا دورہ

سیالکوٹ،گجرات (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )ڈپٹی کمشنرز سیالکوٹ اور گجرات کا مرالہ ہیڈ ورکس کا دورہ، دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین اور ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کو محکمہ ایری گیشن کے مقامی حکام فلڈ پروٹیکشن پلان کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مرالہ ہیڈ ورکس کے اپ سٹریم ایک کلومیٹر اوپر دریائے چناب میں جموں توی اور مناور توی شامل ہو جاتے ہیں۔ دریائے چناب مقبوضہ جموں کشمیر کے اکھنور کے مقام سے پاکستان کی حدود میں داخل ہوتا ہے ، مرالہ ہیڈ ورکس، سالال ڈیم سے 53 کلومیٹر دوری پر واقع ہے ۔ مرالہ ہیڈ ورکس میں پانی کے بہاؤ کی گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے اور پانی کا سب سے ریلا 6 ستمبر 2014 کو گذرا جو 8 لاکھ 61 ہزار 463 کیوسک کا تھا۔ مرالہ ہیڈ ورکس سے ہیڈ خانکی کا فیصلہ 56 کلومیٹر ہے ۔ دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر مرالہ ہیڈ ورکس پر فلڈ کنٹرول روم قائم کردیا گیا جس کا نمبر 0523502102 ہے ۔ مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کے بہاؤ اور حفاظتی پشتوں اور گائیڈ بندھوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرالہ ہیڈ ورکس میں 4 لاکھ کیوسک پانی کی آمد سے علاقہ چپراڑ کے دیہات چھبیاں دلالاں، پتوال، بیلی، صالح پور اور کلیال متاثر ہوتے ہیں جبکہ 6 لاکھ کیوسک تک سیلابی پانی سے علاقہ بجوات کے خانوں باؤ، گنگیال، پاپن، گنگوال، صدر پور، سروچ، ڈیرہ راں، بہادر پورہ،رنگ، چنی گوندل متاثر ہوتے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں