میلسی، سیاستدانوں کی چپقلش،جمنیزیم کو فنڈ نہ مل سکے

میلسی، سیاستدانوں کی چپقلش،جمنیزیم کو فنڈ نہ مل سکے

میلسی (نامہ نگار) میلسی کے سیاست دانوں کی نوجوان نسل سے دشمنی،10 سال میں جمنیزیم کے لیے ایک روپیہ فنڈ جاری نہ کرایا۔

کھیلوں کی سہولتیں نہ ملنے سے نوجوان بے راہ روی کا شکار۔تفصیل کے مطابق 2007ء میں پرویز مشرف دور میں ایم پی اے میاں ماجد نواز آرائیں نے 20 کروڑ روپے کی خطیر گرانٹ سے میلسی میں جمنیزیم کی بنیاد رکھی۔جو 2015ء میں مکمل ہوا اس کے بعد 10 سال گزر گئے اقتدار میں رہنے والے کسی سیاستدان نے اس پر توجہ نہیں دی اور کوئی فنڈز جاری نہیں کرائے ۔حالانکہ تحصیل وہاڑی اور تحصیل بورے والا کے سیاست دانوں نے اپنے اپنے علاقے کے جمنیزیم کے لیے کروڑوں روپے فنڈز جاری کروا دیئے ہیں۔جس سے وہاں کے نوجوان کھلاڑی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔جبکہ میلسی جمنیزیم اس وقت مسائل کا گڑھ بن چکا ہے ۔واپڈا کا ڈیفالٹر ہونے کی وجہ سے کئی بار بجلی منقطع ہو چکی ہے ۔جمنیزیم میں لکڑی کا فرش جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔چھت جگہ جگہ سے لیکیج کا شکار ہے اور شیشے ٹوٹ چکے ہیں۔پنکھوں کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے جمنزیم میں شدید حبس ہوتی ہے ۔لائٹوں کا انتظام نہ ہے جم میں اکثر مشینیں خراب پڑی ہیں۔فنڈز نہ ہونے سے سپورٹس کے ایونٹ بھی پرائیویٹ مخیر حضرات سے کرائے جاتے ہیں۔اس صورتحال سے نوجوان کھلاڑی مایوسی کا شکار ہیں اور کئی بار احتجاج بھی کرچکے ہیں۔اس بارے تحصیل سپورٹس آفیسر میڈم مسرت شاہین نے بتایا کہ موجودہ آمدن سے اخراجات پورے نہیں ہوتے ۔جمنیزیم کے کاموں کے لیے کم از کم پانچ کروڑ روپے کے فنڈز درکار ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں