ہدف سے زائد آمدن کے باوجود ریلوے خسارہ45ارب سے تجاوز

ہدف سے زائد آمدن کے باوجود ریلوے خسارہ45ارب سے تجاوز

ملتان(خبرنگارخصوصی)پاکستان ریلوے ہدف سے زائد آمدنی کے باوجود غیر معمولی اخراجات کے باعث خسارے سے نہ نکل سکا۔

، گزشتہ مالی سال 2023.24 کے کے اختتام پر ریلوے کو 45 ارب 73 کروڑ سے زائد کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اخراجات 1 کھرب 9 ارب 48 کروڑ 71 لاکھ ریکارڈ کئے گئے ۔ مالی سال کے اختتام پر ریلوے ملازمین کے الاؤنسز پر 35 ارب سے زائد خرچ ہوئے ، پنشن پر 40 ارب سے زائد، آپریشنل فیول پر 28 ارب، دیگر اخراجات پر پانچ ارب، بجلی اخراجات پر 4 ارب، ٹی اے ڈی اے پر 15 کروڑ، ادویات پر 2 کروڑ اور امپروومنٹ اینڈ ویلفیئر کی مد میں 15 کروڑ خرچ کئے گئے ۔ ریلوے ترجمان کے مطابق ریلوے کو پچھلے مالی سال سے 40 فیصد زائد آمدنی ہوئی ہے جو اس سے قبل کبھی ریکارڈ نہیں کی گئی۔ ریلوے کو مالی سال کے آغاز میں حکومت سے 73 ارب آمدن کا ہدف ملا جو بعد ازاں بڑھا کر 80 ارب کیا گیا۔ ریلوے کو مسافر ٹرینوں سے 47ارب آمدن ہوئی، مال گاڑیوں سے ریلوے نے 28 ارب روپے کمائے ، زمینوں اور دیگر ذرائع سے 13 ارب سے زائد ریونیو حاصل ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے خسارے کی سب سے بڑی وجہ افسر شاہی کے شاہانہ اخراجات ہیں ادارے کو ترقی کی ڈگر پر چلانا ہے تو افسروں کے اخراجات کم کرنا ہوں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں