جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ،تزئین کا آخری مرحلہ شروع

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ،تزئین کا آخری مرحلہ شروع

ملتان (وقائع نگار خصوصی)زیر تعمیر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے زون 6 کی تزئین و آرائش آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے ۔

فرنیچر، گلاس ورک اور ائر کنڈیشنرز کی فٹنگ مکمل کر لی گئی ہے اور سٹاف کے لئے ملٹی نیشنل کمپنی دفاتر کی طرز پر ورک سٹیشنز قائم کر دیئے گئے ہیں۔اسی طرح افسروں اور سٹاف کے دفاتر کے لئے فرنیچر کی ترسیل بھی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ لیپ ٹاپ اور ڈیسک ٹاپ کے لئے کنکشن فراہم کرنے کا کام جاری ہے ۔مرکزی داخلی گیٹ کی تعمیر بھی مکمل ہو چکی ہے اور بلڈنگ تک آنیوالے انر روڈ کو کارپٹ کردیا گیاہے جبکہ بلڈنگ کے بیرونی حصے کو پینٹ کا آخری کوٹ کیا کیا جارہا ہے ۔سیکرٹری سروسز انجینئر امجد شعیب خان ترین نے جمعہ کے روز بلڈنگ کے فنشنگ کام کا جائزہ لینے کے لئے سائٹ کادورہ کیا۔آئی ڈیپ حکام، ایس او ڈویلپمنٹ اور ایس او ایڈمن بھی ان کے ہمراہ تھے ۔سیکرٹری سروسز نے بلڈنگ کے مختلف حصے دیکھے اور احکامات جاری کئے ۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سروسز ونگ 22 جولائی کو نئی بلڈنگ میں شفٹ ہوجائے گا۔ سیکرٹری سروسز نے ہدایت کی بلڈنگ کے فنشنگ کے کام میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور سیکرٹریٹ کے زون 6 کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کے بیرونی حصے کی شٹرنگ دو یوم کے اندر اتار دی جائے اور بلڈنگ کے داخلے راستے کے اطراف میں پھولدار پودے لگائے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں