طلبہ کی بہتر تعلیم وتربیت ہماری ذمہ داری ہے ، عبدالرؤف
لودھراں (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر کا معیار تعلیم میں بہتری کیلئے سکولوں کا ہنگامی دورہ ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ طلباء ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں جن کی تعلیم و تربیت ہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اکرام طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیم کے معیار پرخصوصی توجہ کریں ۔ انہوں نے اساتذہ اکرام کو ہدایت کی کہ سکولوں سے باہر بچوں کو سکول لانے اور طلبہ کی سکولوں میں انرولمنٹ میں اضافہ پر بھی محنت کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اخلاقی تربیت کرنا بھی بہت ضروری ہے ۔ یہ بات انہوں نے آج سرکاری سکولوں گورنمنٹ ہائی سکول آدم واہن اور گورنمنٹ ہائی سکول فیض آباد کے دورہ کے موقع پر کہی ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لودھراں ڈاکٹر مہ جبین، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں ارم شہزادی اور دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سکول آدم واہن اور گورنمنٹ ہائی سکول فیض آباد کا اچانک دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول کے دورہ کے دوران جماعت نہم کے طلبہ کو ریاضی کے مضمون پر لیکچر بھی دیا ۔ ڈپٹی کمشنر بچوں میں گھل مل گئے اور بچوں سے تعلیمی سہولیات بارے استفسار کیا ۔