زیادہ ریونیوکاکریڈٹ سندھ حکومت کابھی ہے ،وزیراعلیٰ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کے سی سی آئی کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ کراچی سب سے زیادہ ریونیو پیدا کرنے والا شہر اس لیے ہے۔۔
کیونکہ حکومت نے تاجروں کو کاروبار کے وسیع مواقع فراہم کیے ہیں لیکن اس بات کو کوئی تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ کراچی کے قومی خزانے کے لیے سب سے زیادہ ریونیو پیدا کرنے کا کریڈٹ نہ صرف تاجروں کو جاتا ہے بلکہ ان کی حکومت کو بھی جاتا ہے جس نے صنعت اور تجارت کے لیے موافق ماحول فراہم کیا۔ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ تاجر برادری کراچی کو ملک کا پرامن اور صنعت و تجارت دوست شہر کے طور پر پیش کرے ۔ ملاقات میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ضیا الحسن لنجار، جام اکرام دھاریجو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر نے شرکت کی۔ کے سی سی آئی کا وفد جاوید بلوانی، میاں ابرار، اے کیو خلیل ، ضیا العارفین، میاں فیصل اور دیگر پر مشتمل تھا۔سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈلائن اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے تاہم کام کی رفتار کو تیز کیا گیا ہے ۔شرجیل میمن نے کے سی سی آئی ارکان کو الیکٹرک بسوں اور ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت اورمراعاتدینے کی بھی پیشکش کی۔ وزیراعلیٰ نے سینئر وزیر سے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کے سی سی آئی جائیں اور سرمایہ کاری کی دعوت دیں۔