بارشی پانی محفوظ بنانے کیلئے زیر زمین ٹینک کا منصوبہ
گوجرانوالہ( نیوز رپورٹر)پانی بچاؤ زندگی بچاؤ، پہلے گراؤنڈ واٹر ریچارج ویل (پانی چوس کنوئیں) کا افتتاح ، یارمددگار اور واسا نے مشترکہ پراجیکٹ شروع کیا ہے جس کے تحت بارشی پانی کو ضائع ہونے سے روکا جائے گا۔
اس پراجیکٹ سے زیر زمین پانی کی سطح کو کم ہونے سے روکاجائے گا، اس موقع پر ایک تقریب کشمیر پارک سیٹلائٹ ٹاؤن میں منعقدہوئی واٹر ریسورسز اور مینجمنٹ اتھارٹی کے انجینئر ظفر اقبال وٹو، ابن فاضل، واسا گوجرانوالہ کے ایم ڈی انجینئرنگ کاشان بٹ ، احمد نوید رانجھاسینئر نائب صدر ایوان صنعت و تجارت، نئیر جمیل بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت گلگت بلتستان ،جی ایم ثاقب کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،اس موقع پر یار مددگار کے چیئرمین خواجہ رضوان نے کہا کہ پانی چوس کنواں بنیادی طور پر بارشی پانی کو گراؤنڈ واٹر ریچارج کرنے کے کام آتا جس سے زیر زمین پانی کا ٹیبل بہتر ہوتا ہے اور صاف بارشی پانی سیوریج میں جا کر ضائع ہونے سے بھی بچ جاتا ہے ۔ اس کنوئیں کا ایک اور فائدہ واسا کے سسٹم سے بوجھ میں کمی بھی ہو گا اور عوام کو مون سون کے بارشی موسم میں سیر کے لئے خشک پارک بھی دستیاب ہو گا ۔