شاہراہ عراق پر غیر قانونی پارکنگ ، چیئرمین ٹی ایم سی صدر ذاتی حیثیت میں عدالت طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ظفراحمد خان کی سربراہی میں قائم ڈویژن بینچ نے ریڈ زون شاہراہ عراق پرسندھ ہائیکورٹ کے اطراف غیر قانونی پارکنگ کیخلاف منیر اے ملک اور دیگروکلا کی درخواست پر چیئرمین ٹی ایم سی صدر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیاہے ۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ شاہراہ عراق پر پولیس اور ٹاؤن میونسپل کی جانب سے غیر قانونی پارکنگ کی جارہی ہے ۔ پارکنگ کی وجہ سے ہائیکورٹ کے گیٹ پر ٹریفک جام ہورہا ہے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ یہ علاقہ ریڈ زون ہے اس کے باوجود پارکنگ کی اجازت دی جاتی ہے ۔ عدالت کے احکامات کے باوجود پارکنگ کو ختم نہیں کرایا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جن کے دفاترہیں یا شاپس ہیں وہ یہاں گاڑیاں پارک کرسکتے ہیں۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ پریڈی تھانے کی حدود لگتی ہے ، سنا ہے یہاں بندے رکھے ہوئے ہیں گاڑیاں دھونے کے لیے ۔ ڈی ایس پی پریڈی سے عدالت نے استفسار آپ بتائیں گاڑیاں دھونے کا ٹھیکہ کس نے لیا ہے ؟ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ آپ اپنے پیٹی بھائی کا نام نہیں لینا چاہ رہے ہیں۔ آپ نے یہ پوچھا کہ یہ یہاں گاڑیاں کیوں دھوتے ہیں؟ کیا روڈ پر گاڑیاں دھوئی جاسکتی ہیں؟ جسٹس ظفر راجپوت نے ڈی ایس پی پریڈی سے استفسار کیا کہ آپ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔اسی علاقے میں غیر قانونی پارکنگ اور گداگری ہوتی ہے جس سے پولیس فائدہ اٹھاتی ہے ۔ ٹھیکیدار نے بیان دیا کہ ٹی ایم سی صدر نے ٹھیکہ دیا ہے ۔