دفاعی نمائش کے سکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد یقینی بنانیکی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر قیادت ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی نمائش آئیڈیاز2024 کے سیکیورٹی اقدامات سے متعلق مختلف امور و حکمت عملی کا جائزہ اور جرائم کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔۔
جس میں ڈی آئی جی ایڈمن، ڈی ائی جی اسپیشل برانچ ،ڈی آئی جی ٹریفک ، ڈی آئی جی سی آئی اے ، زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پی سیکیورٹی، ایس پیز انویسٹی گیشن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پولیس افسران نے آئیڈیاز 24 کی سیکیورٹی اور شہر میں جرائم کے خلاف اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔پولیس چیف نے آئیڈیاز 2024 کے موقع پراختیارکردہ سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل پر عمل درآمد سمیت ٹریفک کی روانی کے ضمن میں بھی جملہ امور کو انتہائی ٹھوس اورغیرمعمولی بنانے کے احکامات جاری کئے ۔ائرپورٹ اور ایکسپوسینٹر کراچی کے اطراف، متعلقہ روٹس اور غیر ملکی مہمانوں بالخصوص چائنیز کے قیام کے مقامات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے ۔ نمائش میں شرکت کرنے والے غیرملکی شخصیات کے ساتھ شہریوں کی سیکیورٹی کو بھی غیر معمولی بنایا جائے ۔رینڈم اسنیپ چیکنگ،پٹرولنگ اور پکٹنگ سمیت علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے ۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی میں اضافہ اور کومبنگ اپریشنز میں تیزی لائی جائے ۔جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ متبادل روٹس سے متعلق شہریوں کی آگاہی کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے ۔