زمین کے استعمال کی درجہ بندی اور نقشہ بندی کا جائزہ
لودھراں (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ۔
ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس لودھراں کے ویڈیو لنک روم میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ راؤ منصب علی ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لودھراں انعم معصوم اور دیگر متعلقہ حکام شریک تھے ۔ اجلاس میں ضلع لودھراں کی زمین کے استعمال کی درجہ بندی اور نقشہ بندی کے اہم امور بارے پیشِ رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے اجلاس میں نقشہ بندی کے زمینی حقائق کا تفصیلی جائزہ لیا اور سفارشات ریکارڈ کروائیں ۔ اجلاس میں ضلع لودھراں کے زمین کے استعمال کی درجہ بندی کے نقشوں پر عملدرآمد کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں شہر کی فلاح و بہبود کے لئے سائیٹ ڈویلپمنٹ زون کے حتمی پلان کی بھی سفارش کی گئی جس کے تحت شہر کو سرسبز و شاداب بنانے اور بے ہنگم شہری پھیلاؤ اور ٹریفک کے مسائل کا سدباب کیا جاسکے گا ۔ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی گرین ایریا کا تحفظ ممکن بنائے گی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن نے کہا کہ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی تمام امور شاندار طریقے سے انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر منصوبہ بندی کے تحت کام کیا جائے گا اور غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے گا تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکے اور شاہراہوں پر ٹریفک بلا تعطل رواں دواں رہے ۔