کبیر والا، واٹر فلٹریشن پلانٹ نظر انداز، پانی کی ٹینکیاں زنگ آلود
چوپڑہٹہ ( نمائندہ دنیا )کبیروالا،کروڑوں روپے کا منصوبہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کو پنجاب حکومت نے نظر انداز کر دیا۔۔
صفائی کا ناقص انتظام،پانی سٹور کرنے والی ٹینکیاں زنگ آلود،فلٹر بھی تبدیل نہ ہو سکے ،عوام نے فلٹریشن پلانٹس سے پانی بھرنا بند کر دیا،اعلیٰ حکام نوٹس لیں،اہلیان علاقہ۔تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے کروڑوں روپے کے منصوبے سے واٹر فلٹریشن پلانٹس کا منصوبہ جاری ہوا جس کے تحت ہر یونین کونسل میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگایا گیا،واٹر فلٹریشن پلانٹس ابتدائی طور پر تو سرکاری ملازمین کی زیر نگرانی ٹھیک چلتے رہے لیکن جوں ہی وقت گزرتا گیا اس کروڑوں روپے کے منصوبے کو پنجاب حکومت نے نظر انداز کر دیا تقریبا چالو تمام فلٹریشن پلانٹس پر صفائی کا انتہائی ناقص انتظام ہے ،پانی سٹور کرنے والی ٹینکیاں بھی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے زنگ آلود ہو گئی ہیں کافی دنوں سے فلٹر بھی تبدیل نہیں کیے گئے ۔مکینوں نے کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لیا جائے ۔