علم کی روشنی پھیلانا سب کی مشترکہ ذمہ داری :قراۃ العین
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن کی زیر صدارت پڑھو مظفرگڑھ کے حوالے سے ضلع کونسل ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم سے آراستہ قومیں ملکی ترقی کی ضمانت ہوتی ہیں۔علم کی روشنی پھیلانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب میں ضلع مظفرگڑھ لٹریسی ریٹ کے حوالے سے 47 نمبر پر ہے ۔سو فیصد لٹریسی ریٹ کے اہداف کو پورا کرنے کیلئے تمام تعلیمی اداروں کو مل کام کرنا ہوگا۔ضلع مظفرگڑھ میں 8ویں کلاس سے بارویں کلاس تک اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کل تعداد 88 ہزار 831 ہے ۔جس میں سکولوں میں اساتذہ اور طلباء و طالبات کی تعداد 61001،کالجز میں 26 ہزار 548 اور محکمہ لٹریسی میں 1ہزار 282 ہے ۔8ویں سے بارویں کلاس تک کے طلباء و طالبات اپنے قریبی ان پڑھ 3 یا 3 سے زائد افراد کو لازمی پڑھنا لکھنا سکھائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان پڑھ بالغ افراد کو خواندہ کرنے اور ان کو بنیادی تعلیم دینے میں اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے پڑھو مظفرگڑھ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اساتذہ اور طلباء و طالبات سے حلف لیا۔سی ای او ایجوکیشن اسرارالحق اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی طاہرہ رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن کے انقلابی اقدام پڑھو مظفرگڑھ پر شکریہ ادا کیا ۔