سرکاری نادہندگان سے ریکوری کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ
لودھراں (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر سید وسیم حسن نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے سرکاری نادہندگان سے ریکوری کیلئے کڑے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور۔
اس سلسلے میں ریونیو افسران کو ریونیو ریکوری کے اہداف کے حصول کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ آبیانہ ،زرعی و آبی تاوان سمیت ریونیو فیسوں کی ریکوری کیلئے نادہندگان کی جائیدادیں بلاک کی جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع بھر کے ریونیو افسران کے مشترکہ اجلاس میں ریونیو ریکوری کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لودھراں ارم شہزادی ، اسسٹنٹ کمشنر دنیاپور انعم صغیر باجوہ ، ضلعی ریونیو افسران شریک تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بڑے نادہندگان سے ریکوری کیلئے فیلڈ سٹاف کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے جبکہ سرکاری واجبات وصولی کیلئے نادہندگان کو اشتہاری قرار دیا جائے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحصیلداروں اور پٹواریوں کی کارکردگی کا معیار ریکوری سے جانچا جائے گا ۔جبکہ رجسٹریشن برانچز میں مکمل پراپرٹی ٹیکس وصول کرنے کیلئے خصوصی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سید وسیم حسن نے مزید کہا کہ تینوں تحصیلوں کے ریونیو افسران اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور فیلڈ میں نکل کر ریکوری بہتر کریں ۔