اصل شدت پسندی سوشل میڈیا سے پھیل رہی ہے ،علماء کرام

 اصل شدت پسندی سوشل میڈیا سے پھیل رہی ہے ،علماء کرام

سرگودھا(دنیا فورم ) اتحاد العلماء کے مرکزی قائدین قاری عبدالوحید ،احمد مسعودزیدی، نگاہ مصطفی چشتی ،مفتی عمر فاروق نے روزنامہ دنیا فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔

مدارس بل سامنے آنے سے پہلے اس پر کسی قسم کی آراء دینا قبل از وقت ہو گا تاہم مدارس میں شدت پسندی کے رجحان کو تلاش کرنے والے پہلے سوشل میڈیا کے پروپیگنڈوں کو کنٹرول کریں جس نے ہماری نسل نو کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے ، اصل شدت پسندی توسوشل میڈیا کے ذریعے پھیل رہی ہے بالخصوص سیاست میں شدت پسندی کی مثال ہم سب کے سامنے ہے ، جس کیلئے صرف سوشل میڈیا کو ہتھیا ر بنایا گیا، سوشل میڈیا پر اظہاررائے کی آڑ میں خطرناک کھیل کھیلے جا رہے ،آنیوالے نسلوں کے ذہنوں میں جس طرح منفی رجحانات اور سوالات پیدا کئے جا رہے ہیں اس کی روک تھام ہونی چاہئے ، مدارس میں کہیں بھی کسی کی پگڑی اچھالنے یا فرقہ پرستی کیلئے نہیں پڑھایا جاتا ،اتحاد العلماء صرف ایک ایجنڈے پر کام کر رہی ہے کہ کسی بھی طرح فرقہ پرستی کی روک تھام کے ساتھ ساتھ امن برقرار رکھنے اورمعاشرتی مسائل کے حل کیلئے تمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے ، اتحاد العلماء کے اکابرین نے پہلے بھی ہر اہم موقع پر نہ صرف فرقہ واریت کی آگ کوپھیلنے سے روکا بلکہ امن وامان کے قیام کیلئے بھی گرانقدر خدمات پیش کیں، موجودہ صورتحال میں بھی اتحاد العلماء وقت کی اہم ضرورت ہے ،کیونکہ ملک اور اسلام دشمن ہمیں پارا پارا کرنے کیلئے ہر سازش کرنے سے دریغ نہیں کر رہا ہماری حکومت اور ارباب اختیار سے درد مندانہ اپیل ہے کہ سوشل میڈیا کا مثبت استعمال یقینی بنانے کیلئے ادارے اپنا کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں