باہر جانیوالوں کیلئے سافٹ سکلز ٹریننگ لازم، چودھری سالک

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن اور انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (ICMPD)نے وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام تارکین وطن کو تمام ممکنہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تارکین وطن کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تقریب اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چودھری سالک حسین نے کہا OECاور BE&OEکے ذریعے بیرون ملک جانے والوں کیلئے سافٹ سکلز کی ٹریننگ لازمی ہو گی۔ OECاور BE&OEکے تعاون اور POEPAکی شناخت پر 1000افراد پر مشتمل جلد پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کر رہے ہیں۔ اس اقدام کو ابتدائی طور پر اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں ICMPDکے تعاون سے چلنے والے مائیگرنٹ ریسورس سینٹرز MRCکی تربیتی سہولیات پر لاگو کیا جائے گا۔ او ای سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نصیر خان کاشانی نے کہا کہ ضروری صلاحیتوں کی عدم موجودگی اکثر بین الاقوامی کام کی جگہوں پر طویل المدتی کامیابی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتی ہے، فواد حیدر، ہیڈ آف آفس، ICMPDپاکستان نے MOPHRDکیلئے ICMPDکی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ مسٹر فلپ اولیور گراس، چارج ڈی افیئرز، یورپی یونین کے پاکستان کے وفد نے شراکت داروں کو مبارکباد پیش کی۔ پراجیکٹ منیجر سعد الرحمان خان نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔