سندھ پولیس کی حکمت عملی سے جرائم میں نمایاں کمی ہوئی ،وزیرداخلہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے الیکٹرونک ڈیلرز کے 9 رکنی وفد نے بدھ کو ملاقات کی۔وفد کی سربراہی صدر الیکٹرونک ڈیلرزایسوسی ایشن کراچی محمد رضوان کررہے تھے ۔
وفد نے وزیر داخلہ سندھ کو تجارتی سرگرمیوں اور مختلف ایشوز سمیت ٹریفک،سکیورٹی کی بابت تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیر داخلہ سندھ نے کہاکہ امن وامان کی مثبت صورتحال براہ راست کامیاب کاروباری سرگرمیوں پر اثر انداز ہوتی ہے ۔پی پی پی کی حکومت میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان بڑھ جاتا ہے ۔سندھ پولیس امن وامان کے حالات پر کنٹرول اور شہریوں کے تحفظ جیسے اقدامات میں پرعزم و مستعد ہے ۔سندھ پولیس کی حکمت عملی و لائحہ عمل کے تحت جاری اقدامات کی بدولت جرائم میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ہے ۔پولیس اور کاروباری تنظیموں کے مابین پائیدار و مستقل روابط وقت کی ضرورت ہے ۔وزیر داخلہ سندھ نے کہاکہ استعمال شدہ موبائل فونز کی خرید و فروخت کو پولیس ویری فکیشن سے مشروط کیا جائے ۔