جماعت اسلامی کافلسطینیوں کی امداد کیلئے سستا بازار
ملتان (لیڈی رپورٹر)جماعت اسلامی خواتین ونگ شعبہ الخدمت کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی امداد کے لیے تین روزہ سستا بازار کا دارارقم قرآن انسٹی ٹیوٹ سبزہ زار کالونی بوسن روڈ پر انعقاد کیا گیا ۔سستا بازار کا افتتاح جماعت اسلامی خواتین ونگ ضلع ملتان کی ناظمہ رضیہ عابد اور مسزڈاکٹر ولی محمد مجاہد نے کیا۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی عہدیدار شریفاں مقصود،میمونہ واہلہ،خالدہ اسمعیل دیگر خواتین رہنما موجود تھیں سستا بازار میں خواتین بچوں کے ملبوسات گرم بستر کھلونے اور کھانے پینے کے سٹالز لگائے گئے مہمانوں نے سٹالز کا معائنہ بھی کیا جبکہ خواتین نے دل کھول کر شاپنگ کی تاکہ مظلوم فلسطینی عوام کی مدد کی جاسکے ۔اس موقع پر مہمانان خصوصی رضیہ عابد اور مسز ڈاکٹرولی محمد مجاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الخدمت وومن ونگ کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام اس وقت ظالم جابر اسرائیل و امریکا کی جارحیت کا مقابلہ کررہی ہے جہاں کھانے پینے ادویات کی شدید قلت ہے ایسے میں ہمیں مل جل کر اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی ہرممکن امداد کرنی چاہئے شریفاں مقصود،میمونہ واہلہ،خالدہ اسماعیل نے کہا کہ الخدمت وومن ونگ سماجی فلاحی خدمات کے لیے فعال کردار ادا کررہا ہے ۔