نشتر،شیخ زید میں معطلیاں مسترد کرتے ہیں، پی ایم اے
ملتان(لیڈی رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی پاکستان، پنجاب اور ملتان کے عہدیداروں نے نشتر ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں بغیر شفاف انکوائری کے حکومت پنجاب کی جانب سے کی جانے والی ڈاکٹروں و نرس کی معطلیوں کو مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر شفاف انکوائری کروانے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔
جبکہ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کے خلاف ممکنہ کارروائی کی صورت میں پنجاب بھر کے ڈاکٹروں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آنے کا بھی اظہار کر دیا ہے اس حوالے سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اظہار چودھری، صدر پی ایم اے پنجاب پروفیسر ڈاکٹر کامران سعید ، پروفیسر ڈاکٹر زاہد مقصود،صدر پی ایم اے ملتان پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرئوف ہراج اور دیگر نے پریس کلب ملتان میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران حکومت پنجاب کی انتقامی کارروائیوں کو متفقہ طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال اور شیخ زید رحیم یار خان کے نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹروں نرس اور دیگر عملے کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے بلا جواز معطل کیا گیا ہے ، حکومت پنجاب کی بیوروکریسی نے ان سے حقائق چھپائے ہیں ملک بھر کے سینئر ترین نیفرالوجسٹ کہتے ہیں کہ ایچ آئی وی ڈائیلسز مشینوں سے منتقل ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے اس کے باوجود میرٹ سے ہٹ کر معطلیاں کی گئیں ۔