ایڈمنسٹریٹو سروسز کورس کے آفیسرز کا دورہ ایوان تجارت
ملتان (لیڈی رپورٹر)ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا ہے کہ ایم سی سی آئی تاجر و صنعتکار برادری کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے حکومت کے مابین پل کا کردار ادا کرتا ہے ۔
ایوان تجارت و صنعت ملتان وومن انٹرپرینورز کو پروموٹ کرنے اور شہر میں فلاحی خدمات بھی سرانجام دے رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سروسز اکیڈمی کے 47ویں ایڈمنسٹریٹو سروسز کورس کے آفیسرز کے مطالعاتی دورہ ایوان تجارت و صنعت ملتان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے ایوان کا تعارف اور مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ تاجر و صنعتکار برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے ۔انہیں مضبوط کرکے ہی ہم ملک میں معاشی استحکام لاسکتے ہیں ۔ایوان تجارت و صنعت ملتان خطہ کی معاشی اقتصادی ترقی خوشحالی کے لیے کام کررہا ہے اور ایوان کو اس سلسلہ میں ہر ممکن معلومات فراہم کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سول سروسز اکیڈمی کے آفیسرز مستقبل میں پاکستان کے ذمہ در آفیسرز ہوں گے امید ہے کہ اپنے مطالعاتی دورہ کے دوران اجاگر ہونیوالے مسائل کے حل میں اہم کردار اداکریں گے اور پاکستان کی خدمت کرکے اپنا فرض بطریق ا حسن نبھاکر ملک کو بہتری کی جانب لے جائیں گے ۔