فنڈز کی قلت،پرانا دنیا پور روڈ منصوبہ التوا کا شکار،لاکھوں کی آبادی متاثر
ملتان(جان شیر خان)فنڈز کی قلت کے باعث پرانا دنیا پور روڈ منصوبہ التوا کا شکار ہو گیا۔786.6 ملین روپے کی لاگت کے اس منصوبے کیلئے صرف 77 ملین روپے کے فنڈز جاری ہوئے ۔
جس پر ٹھیکیدار نے پوری سڑک کھود کر اس پر پتھر ڈال دیئے تاہم باقی فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث 6 ماہ سے سڑک پر پتھر پڑے ہیں اور ٹھیکیدار نے کام بند کردیا ہے جس کے باعث لاکھوں کی آبادی متاثر ہے اوریہاں سے گزرنے والے ہزاروں شہریوں روزانہ مشکلات پیش آرہی ہیں،منصوبہ حکومتی توجہ کا منتظر ہے ، چھ ماہ سے سڑک پر پڑے پتھروں سے اس روڈ پر حادثات بھی بڑھنے لگے ہیں۔ انتظامیہ اور مقامی ٹھیکیدار پرانا دنیا پور روڈ پر پتھر ڈال کر سڑک بنانا ہی بھول گئے ، دو ماہ سے سڑک پر پڑے پتھروں سے جہاں حادثات اب معمول ہیں تو وہی گاڑیاں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہیں ،شہریوں کاپرانا دنیا پور روڈ کو فوری بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے روڈ بالکل ٹھیک تھا اوپر پتھر ڈال کر مسافروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا گیا ہے ،77 ملین روپے فنڈز کے اجراء پر سڑک پر کام شروع تو کیا گیا تاہم 786.6 ملین روپے کے منصوبہ کیلئے مزید فنڈز ملے نہ ہی کام آگے شروع ہوا ، سردی کی شدت بڑھنے کی وجہ سے بھی ٹھیکیدار نے سستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کام روک دیا ہے ۔ انتظامیہ کیمطابق مارچ سے فنڈز ملنے کے بعد منصوبے پردوبارہ کام شروع ہوگا ، پرانا دنیا پور روڈ منصوبے کے تحت اللہ وسایا چوک سے ملتان کی باؤنڈری تک سڑک بنائی جانا تھی ،تاہم منصوبے پر صرف20 فیصد کام مکمل ہوا ہے اور80 فیصد کام التواء میں پڑا ہے ۔التوا کا شکار ہونے پر لاکھوں کی آبادی متاثر ہو رہی ہے جس کی انتظامیہ کو کوئی پروا نہیں ہے ۔