محکمانہ کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کا آغاز
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )وزیر اعلی ٰ کی ہدایت پر ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے اضلاع میں سروس ڈیلیوری کی کڑی مانیٹرنگ کا آغاز کردیا گیا ہے ۔
کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے دورہ خانیوال کے دوران بنیادی کارکردگی کے نکات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور افسروں کو کارکردگی بہتری بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر سلمیٰ سلیمان نے حکومت پنجاب کی طرف سے متعین کردہ ٹاسکس پر عملدرآمد،پرائس کنٹرول،آوارہ کتوں کی تلفی،گٹروں کی جیوٹیگنگ،سکولوں کی سولرائزیشن بارے آگاہ کیا۔مریم خان نے ضلعی انتظامیہ کو پرائس کنٹرول سرگرمیاں تیز کرکے شہریوں کو عملی ریلیف دلانے کا حکم دیدیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر،ڈی ڈی ڈویلپمنٹ بھی اجلاس میں موجود تھے ۔کمشنر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ گڈ گورننس برقرار نہ رکھنے والے افسر خود کو فارغ سمجھیں۔پبلک سروس ڈیلیوری میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔کمشنر نے ریونیو ریکوریوں کے 100 فیصد اہداف ہر صورت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔علاوہ ازیں مریم خان کا کہنا ہے کہ ون ٹائم کلیننگ آپریشن خانیوال میں تیزی کیساتھ مکمل کیا جارہا ہے ۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنر سلمیٰ سلیمان کے ہمراہ سٹیڈیم روڈ پر کوڑے کے دیرینہ ڈھیر کلیئر کرنے کے کام،صفائی آپریشن میں استعمال ہونے والی مشینری کامعائنہ کیا اور جاری کام پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سلمیٰ سلیمان کو شاباش دی۔ایڈمنسٹریٹر غلام مصطفی خان و میونسپل کمیٹی کے دیگر افسروں ہمراہ تھے ۔کمشنر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ زیرو ویسٹ کیلئے فلتھ ڈپوز اور خالی پلاٹوں میں پڑے کوڑے کے ڈھیروں کی فوری کلیئر کیا جائے ۔بعد ازاں کمشنر ملتان نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ بی ایچ یو 88 دس آر میں جاری ریویمپنگ کے کام کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار میں سستی اور ناقص میٹریل کی پر ایکسئین بلڈنگز کی سرزنش کی ۔