وفاقی‘صوبائی‘محکموں کے دفاتر کی صفائی کی جائے:ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق اب ہر شہر،ہر قصبے اور ۔
ہر گاوں کو خوبصورت بنانا ہے جس کے لئے ہر محکمہ کو اور ہر آفیسر کو اپنا کام کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے صوبائی و وفاقی محکموں کے ضلعی افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ انعم حفیظ بھی ا ن کے ہمراہ تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شروعات اپنے دفاتر سے کی جائے ، تمام صوبائی و وفاقی محکموں کے دفاتر کو فوری طور پر صاف ستھرا بنایا جائے ۔ رنگ و رغن کرایا جائے ، گرین بیلٹ بنائی جائیں اور تزئین و آرائش کی جائے اور صبح 9 بجے حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سمیت دیگر افسران مختلف محکموں کا سرپرائز وزٹ کریں گے اور روزانہ کی رپورٹ سی ایم سیکرٹریٹ جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں چھوٹے بڑے شہروں ، بازاروں اور مرکزی شاہرات سے تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے ، فٹ پاتھ کو خالی کرایا جائے ، بجلی کی تاروں کو ترتیب دی جائے تاروں کے گنجل فوری طور پر ختم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 7 دن کے اندرتمام کاروائی کو مکمل کیا جائے اور کاروائی سے پہلے اور بعد کی تصاویر بھی بنائی جائیں۔ تجاوزات پر نظر رکھنے کے لئے سپیشل اہلکاروں کو ڈیوٹی لگائی جائے جو تجاوزات پر نظر رکھے اور فوری متعلقہ افسران کو آگاہ کرے ۔ اجلاس میں شریک مختلف محکموں کے افسران نے اپنے اپنے محکموں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔