تحریک پاکستان کے مقاصد سے آگاہی ضروری،ڈاکٹر صفدر

ملتان ( خصوصی رپورٹر )سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا ہے کہ اساتذہ کرام بچوں کو تحریک پاکستان کے حقیقی مقاصد سے روشناس کرائیں، تاکہ نسل نو میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کیا جا سکے ۔
کیونکہ وطن سے محبت جزو ایمان کا درجہ رکھتی ہے ۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان کے زیر اہتمام گورنمنٹ مسلم ہائی سکول میں 23مارچ یوم قرارداد پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ ڈی ای او ایلیمنٹری ملتان میاں خالد عالم، ڈی ای او ایلیمنٹری زنانہ سکولز مسز نزہت پروین اور ڈپٹی ڈی ای او تحصیل سٹی ملتان عفت مسعود مہمان خصوصی تھیں۔ اس موقع پر طلبہ نے ملی نغمے ، تقاریر اور ٹیبلوز بھی پیش کئے ۔ سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی بے لوث اور ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کا قیام شرمندہ تعبیر ہوا۔ اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ سیمینار سے ڈی ای او مردانہ میاں خالد عالم، ڈی ای او زنانہ نزہت پروین، ڈپٹی ڈی ای او عفت مسعود، صدر ڈسٹرکٹ ہیڈ ماسٹرز اینڈ پرنسپلز ایسوسی ایشن ملتان ریاض آصف اور گورنمنٹ مسلم ہائی سکول کے ہیڈ ماسٹر رانا محمد رانا اسلم انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کا دن تجدید عہد کا دن ہے ۔