ہونٹ ‘تالو کٹے پیدائشی بچوں کیلئے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

میاں چنوں (تحصیل رپورٹر)میاں چنوں کے تحصیل ہسپتال میں مقامی فلاحی ادارے کے زیر اہتمام ہونٹ اور۔۔
تالو کٹے پیدائشی بچوں کیلئے ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد،تفصیلات کے مطابق 50سے زائد متاثرہ بچوں کا مفت معائنہ جبکہ 10سے زائد بچوں کی کامیاب سرجری کی گئی،کیمپ کا مقصد مالی مشکلات کا شکار ان بچوں کو علاج کی مفت سہولت فراہم کرنا تھا جو پیدائشی طور پر ہونٹ یا تالو کے کٹاؤ جیسے پیچیدہ طبی مسئلے کا شکار ہوتے ہیں، پلاسٹک سرجن ڈاکٹر یاسر مکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال ہزاروں بچے ایسے پیدائشی نقائص کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں جن کے علاج کیلئے اکثر والدین مالی طور پر بے بس ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی جانب سے ملک بھر میں ایسے کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ متاثرہ بچوں کا بروقت علاج ممکن بنایا جا سکے ، ڈاکٹر یاسر مکی کے مطابق ہونٹ و تالو کٹاؤ صرف ظاہری نقص نہیں بلکہ یہ بچوں کی خوراک، بولنے اور نفسیاتی نشو و نما پر بھی گہرا اثر ڈالتا ہے اور بروقت علاج نہ صرف بچے کی زندگی کو آسان بناتا ہے بلکہ اس کے اعتماد اور مستقبل کو بھی محفوظ بناتا ہے ،مفت میڈیکل کیمپ سے استفادہ کرنے والے والدین نے فلاحی ادارے اور طبی ٹیم کا شکریہ اداکیا۔