محکمہ اوقاف:دربار مبارک شاہ،مخدوم رشید کیلئے ساڑھے5کروڑ فنڈز طلب

ملتان (نعمان خان بابر سے )اولیاء کرام کی سرزمین پر حضرت شاہ شمس سبزواری کے مزار کی تزئین و رائش کا کام اڑتیس کروڑ۔۔
،اسی لاکھ روپے کی لاگت سے آخری مراحل میں داخل ، چھ کروڑ پچاس لاکھ روپے سے دربار موسیٰ پاک میں ساٹھ فیصد تک مرمت کا کام مکمل، محکمہ اوقاف نے حکومت سے دربار مبارک شاہ کے لیے ایک کروڑ جبکہ دربار مخدوم رشید کی تزئین و ارائش کے لیے ساڑھے چار کروڑ روپے کا فنڈ مانگ لیا ۔چار مزاروں کی سالانہ آمدن بارہ کروڑ روپے مقرر تھی تاہم پندرہ کروڑ، چودہ لاکھ کی ریکارڈ آمدن ہوئی ۔ حضرت شاہ رکن عالم کے احاطے میں لگائے گئے کروڑوں مالیت کا سولر سسٹم انرجی ڈیپارٹمنٹ کے سپرد ، والڈ سٹی حکام کی مشاورت سے نئی جگہ پر انسٹال کرنے کے حوالے سے اقدامات جاری جس سے مزارات کو بجلی کے بلوں کی مد میں کافی حد تک ریلیف ملے گا ۔زونل منیجر اوقاف رانا طارق کی ’’روزنامہ دنیا ‘‘سے گفتگو ۔تفصیل کے مطابق شہر اولیاء میں بیشتر مزارات کی تزین و آرائش جاری ہے ، حضرت شاہ شمس سبزاری کے مزار پر پچانوے فیصد تزین و ارائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دربار موسیٰ پاک پر بھی مرمت کا کام ساٹھ فیصد تک ہو چکا ہے ، دربار مبارک شاہ اور دربار مخدوم رشید کے لیے بھی محکمہ اوقاف نے حکومت سے کروڑوں روپے کا فنڈ مانگ لیا ہے ۔اس حوالے سے زونل منیجر اوقاف رانا طارق کا روزنامہ دنیا کو بتایا کہ مزارات کی تزئین وارائش کے ساتھ ساتھ ان کی آمدن میں بھی سالانہ بیس فیصد تک اضافہ کیا جاتا ہے اور موجودہ صورتحال میں حضرت بہاؤ الدین زکریا ، شاہ رکن عالم ،شاہ شمس سبزواری، بی بی پاک دامن کے مزار کا سالانہ چندہ بارہ کروڑ روپے مقرر کیا گیا تاہم رواں سال پندرہ کروڑ چودہ لاکھ کی ریکارڈ آمدن بھی ہے جو مقررہ ہدف سے زیادہ ہے ، مزارات کی بجلی کو سولر پر لے جانے کے لیے حضرت شاہ رکن عالم کے گراؤنڈ میں کروڑوں مالیت کا سولر سسٹم لگایا گیا لیکن والڈ سٹی حکام کو سولر سسٹم کی جگہ کے حوالے سے تحفظات ہیں ،اسی لیے سولر سسٹم کو انرجی ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کر دیا گیا ہے اور جلد ہی نئی جگہ پرسسٹم کو انسٹال کر کے فعال کر دیں گے جس سے مزارات کو بجلی کے بلوں کی مد میں کافی حدتک ریلیف ملے گا۔