زکریا یونیورسٹی سمیت جامعات میں سمر کیمپ نہ لگانے کا فیصلہ،طلبہ کو مشکلات
ملتان(خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی سمیت پنجاب بھر کی یونیورسٹیوں میں سمر کیمپ نہ لگانے کافیصلہ، طلبہ کی مشکلات بڑھ گئیں ۔۔
تفصیل کے مطابق پنجاب بھر کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں جن کے امتحانات میں سپلی آئی ہے ۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ان طلبہ کو سمَر سمسٹر کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے والدین اور طلبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں کیونکہ ان کا ایک تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے تاہم صرف زکریا یونیورسٹی نے سمر کیمپ مشروط طورپر آفر کیا ہے تاہم اس کے امتحانات چھٹیوں کے بعدفزیکلی لئے جائیں گے لیکن ا س ماڈل پر اساتذہ اور طلباوطالبات کی دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے اساتذہ نے اس ماڈل میں سمسٹر کے پیسے نہ ملنے پر دلچسپی نہیں دکھائی جبکہ طلبا ٹیچرز کی عدم توجہی کی وجہ سے پریشان ہیں متاثرہ سٹوڈنٹس اور ان کے والدین کا کہنا ہے کہ اگر سمَر سمسٹر آفر کر دیا جائے تو بچے اپنا کورس مکمل کر کے بروقت اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں گے ، ورنہ اگلے سال تک انتظار کرنا پڑے گا جس سے نہ صرف تعلیمی سال ضائع ہوگا بلکہ مالی بوجھ بھی بڑھے گا کئی نجی یونیورسٹیوں میں سمَر سمسٹر کی سہولت موجود ہے لیکن سرکاری اداروں میں طلبہ کو اس سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔والدین کا کہنا ہے کہ وہ مہنگائی کے اس دور میں پہلے ہی تعلیمی اخراجات کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، اور بچوں کی تعلیم میں مزید تاخیر ان کے لئے ناقابل برداشت ہے ۔