وفاقی بجٹ عوامی مفادات کے برعکس ہے :ذیشان اختر
وہاڑی (خبرنگار ، نمائندہ خصوصی )امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ غریب بے کس لاچار طبقات کی بجائے آئی ایم ایف کے مفادات کا عکاس اور عوامی مفادات کے برعکس ہے ۔
یہ بجٹ نہ زراعت کی بہتری کے لیے کوئی منصوبہ رکھتا ہے ، نہ تعلیم و صحت کے شعبوں میں کوئی مثبت تبدیلی لاتا ہے ، اور نہ ہی جنوبی پنجاب جیسے پسماندہ علاقوں کیلئے کوئی ٹھوس پالیسی فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ دراصل ملک کی ایلیٹ کلاس اشرافیہ اور مراعات یافتہ طبقے کو مزید نوازنے کی سند ہے ، غریب کیلئے اس میں ایک ڈھیلے کا بھی فائدہ نہیں الٹا اسکی سختیوں اور مشکلات میں اضافہ ہی اضافہ ہے ۔ تنخواہ دار طبقے کو معمولی ریلیف دیا گیا ہے‘ جبکہ مہنگائی کی شدت برقرار ہے ۔ سید ذیشان اختر نے کہا کہ جماعت اسلامی اس بجٹ کے خلاف ملک بھر میں بھرپور آواز بلند کرے گی کیونکہ یہ بجٹ غریب کو مزید پسنے اور استحصالی طبقے کو فائدہ پہنچانے کا ذریعہ بنے گا۔