خانیوال پبلک سکول‘یونیورسٹی کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

خانیوال پبلک سکول‘یونیورسٹی کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)خانیوال پبلک سکول،یونیورسٹی کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ڈپٹی کمشنر،چیئرپرسن ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خالد عباس سیال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل غلام مصطفی سہیڑ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ شاہد رحمن،ڈی ای او غلام مرتضی شاکر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز مراتب علی، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر غضنفر عباس،ممبر بورڈ آف گورنرز راؤ جاوید اقبال،میاں محمد یونس،پرنسپل/ پرویکٹر حافظ رانا راشد سعید رانا، سینئر ہیڈ مسٹریس مسرت طارق گیلانی،اویس سراج اکاؤنٹس آفیسر، علی خضر انٹرنل آڈیٹر اورچوہدری محمدحنیف آفس سپرنٹنڈنٹ نے شرکت کی۔اجلاس میںادارہ کے مالی سال 2025-26کا بجٹ پیش کیا گیا،سالانہ آڈٹ،مالی پوزیشن،گریجوایشن بلاک کی تعمیر پرنسپل کی کارگردگی ادارہ کے سامنے مین ہائی وے کے ساتھ سروس لائن کی تعمیر ودیگر ایجنڈا پر غور کیا گیا۔ ادارہ کے گزشتہ مالی سال کے آڈٹ کیلئے پیشہ وارانہ کارگردگی کی حامل آڈٹ فرم کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) شاہد رحمن سے میٹنگ کرواکر آڈٹ فرم کے تعین کا فیصلہ کیا گیا ۔

بی ایس اور اے ڈی پی پروگرام کی کامیاب کلاسز کے دو شاندار سال مکمل ہونے پر پرنسپل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا گیا،گریجوایشن بلاک کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اس کی تعمیر کی منظوری دی گئی ۔چیئرپرسن نے ہدایت کی کہ طلبا وطالبات کی تفریحی سرگرمیوں کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ادارے کے بیرونی اطراف میں حادثات سے بچاؤ اورٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے بچاؤ کے لیے جم خانہ سے لے کرکے ادارہ کی حدود تک سروس لین بنانے کا اعلان کیا گیا۔متبادل برقی نظام قائم کرنے کیلئے شمشی توانائی کو کے پی ایس کے لیے اہم ضرورت قرار دیا۔ چیئر پرسن نے ہدایت کی جلدازجلد اچھی معیاری فرم کی فنانس کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کروا کر اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کے پی ایس جیسا معیاری اور شاندار روایات کا حامل تعلیمی ادارہ ضلع خانیوال کا قیمتی اثاثہ ہے ۔اس کی تمام ضروریات کو جلد پورا کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں